Ads

میر ظفراللہ جمالی: ایک شائستہ سیاستدان

سابق وزیر اعظم میر ظفر اللہ خان جمالی انتقال کرگئے ہیں، چند روز قبل دل کا دورہ پڑنے پر انھیں راولپنڈی میں عسکری ادارہ امراض قلب میں داخل کیا گیا تھا، وہ کئی روز سے وینٹی لیٹر پر تھے، انھیں گردوں کا عارضہ بھی لاحق تھا۔

میر ظفراللہ جمالی ملکی سیاست میں اپنے شائستہ اور دھیمے لہجے کے ان سیاسی رہنماؤں میں شمار ہوتے تھے جب سیاست میں نظریات ، اصول ، قومی ایشوز اورخطے وعلاقائی سیاست سمیت عالمی سیاسی حالات قومی رہنماؤں کا خاص موضوع ہوا کرتے تھے، میرصاحب سیاست میں مفاہمت اور اشتراک عمل کے ساتھ سیاسی معاملات کے حل پر یقین رکھتے تھے،وہ سیاست میں متنازعہ معاملات کوکثیر جہتی مشاورت سے حل کرنے کو صائب انداز فکرسمجھتے اور ملکی سلامتی، اقتصادی ترقی اور عوام کی فلاح وبہبود کو اولیت دیتے تھے۔

اپنے پورے سیاسی کیریئر میں دھیمے مزاج کے سیاستدان کے طور پر اپنا ایک الگ تشخص برقرار رکھا۔ میر ظفر اللہ جمالی یکم جنوری 1944کو پیدا ہوئے، ان کا تعلق ضلع نصیرآباد کے علاقے روجھان کے سیاسی خانوادے سے تھا، انھوں نے اپنے سیاسی کیریئرکا آغاز 1970میں کیا، پیپلزپارٹی کے ٹکٹ پر 1977میں پہلی بار بلوچستان اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے، دو بار سینیٹ کے رکن، نگران وزیراعلیٰ بلوچستان اور پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بھی رہے۔

انھیں جنرل ضیا الحق کے دور میں وزیرمملکت مقررکیا گیا، وہ 23 نومبر 2002 میں ملک کے 13ویں وزیر اعظم منتخب ہوئے، 26جون 2004کو انھوں نے وزارت عظمیٰ کے منصب سے استعفیٰ دے دیا تھا، میر ظفراللہ جمالی کے انتقال پر صدر عارف علوی، وزیراعظم عمران خان، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری شجاعت حسین، اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویزالٰہی، ایم این اے مونس الٰہی اورسالک حسین،گورنر بلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی، وزیراعلیٰ جام کمال خان، اسپیکر بلوچستان عبدالقدوس بزنجو،سابق گورنر نواب ذوالفقارعلی مگسی، سابق وزرائے اعلیٰ، نواب ثناء اﷲ زہری، سردار اخترمینگل، صوبائی وزراء یار محمد رند، نوابزادہ طارق مگسی، انجینئرزمرک اچکزئی نے ان کے انتقال پر دلی تعزیت کا اظہارکیا اور دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے اور لواحقین کو صبرجمیل دے، صدر مملکت نے کہا کہ مرحوم بطور ممبر قومی اسمبلی ایک بااخلاق انسان کے طور پر جانے جاتے تھے۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ مرحوم کی روح کو اپنے جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور ان کے اہلخانہ کو یہ دکھ صبر واستقامت سے برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ چوہدری شجاعت ودیگر نے کہا کہ مرحوم کے ساتھ ہمارا دیرینہ تعلق تھا، ان کے ساتھ بہت سی خوشگوار یادیں وابستہ ہیں، ان کی پارلیمانی و سیاسی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ مرحوم کے درجات بلند اور لواحقین و غمزدہ اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔(آمین)

The post میر ظفراللہ جمالی: ایک شائستہ سیاستدان appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو https://ift.tt/2JO2Poh
Share on Google Plus

About Unknown

This is a short description in the author block about the author. You edit it by entering text in the "Biographical Info" field in the user admin panel.
    Blogger Comment
    Facebook Comment

0 comments:

Post a Comment