گوجرانوالہ: وفاقی وزیراطلاعات و نشریات بیرسٹر فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ جس طرح کی جیل نوازشریف، شہبازشریف اور سعدرفیق کو ملی ہوئی ہے عوام کو پتہ چل جائے تو آدھے پاکستانی جیل میں جانے کی خواہش کریں گے۔
گوجرانوالہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کا حال ایسے ہے جیسے جیل میں ہونے والی نماز کا ہوتا ہے، قاتل اذان دیتا ہے، ڈاکو امامت کراتے ہیں، اور چور سب نمازی ہوتے ہیں، یہی ہماری اپوزیشن ہے۔ پہلے ہمیں مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی کو الگ الگ بتانا پڑتا ہے، یہ سب شروع سے ہی ایک تھے لیکن اب اچھا ہوگیا ہے کہ یہ دونوں جماعتیں اعلانیہ بھی ایک ہوگئی ہیں، چور پہلے بھی اکٹھے تھے اب بھی اکٹھے ہیں۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان کی معشیت بہت اچھی تھی، اربوں روپے ملک میں آتے تھے، لیکن دونوں جماعتوں نے جو پیسہ گوجرانوالہ، جہلم، رحیم یارخان، پنڈدادن خان، لودھراں، لاڑکانہ میں لگانا تھا وہ پیسہ دبئی اور لندن سے برآمد ہوا، 90 ارب روپے لاڑکانہ پیکج کا اعلان ہوا اور اس پیسے سے دبئی میں محلات خرید لئے گئے، سندھ کا پیسہ کراچی سے نکلتا ہے، کراچی سے لاڑکانہ کے لئے نکالا جاتا ہے اور پھر لاڑکانہ سے لانچوں کے ذریعے دبئی پہنچ جاتا ہے، پنجاب کا پیسہ لاہور میں آتا ہے اور لاہور سے لندن میں ایون فیلڈ اپارٹمنس کی صورت برآمد ہوتا ہے، اور جب ان سے پوچھوکہ پیسے کہاں سے لائے تھے توکہتے ہیں جمہوریت خطرے میں پڑگئی ہے۔
وزیراطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان وزیراعظم ہاؤس کے بجائے اپنے گھر بنی گالہ میں رہتے ہیں اور تمام اخراجات خود برداشت کرتے ہیں، وفاقی وزرا بھی عیاشیاں نہیں کررہے، پوری حکومت خود کو عوام کی جوابدہ سمجھتی ہے، اس کے برعکس جب شہبازشریف وزیراعلیٰ پنجاب تھے تو ان کے 11 دفاتر تھے، ہر دفترمیں سرکار بیٹھی ہوئی تھی، جاتی امرا میں قائم اپنے ذاتی گھر کی دیوار بنانے کے لئے عوام کے 27 کروڑ روپے لگا دیئے گئے۔ نوازشریف جو آج مجبوراً پاکستان کے اسپتالوں میں علاج کرانا پڑ رہا ہے انہیں پاکستان کا اسپتال ہی پسند نہیں آرہا، جب کہ 30 سال تک یہی لوگ حکمران رہے، ان کے بھائی شہبازشریف پنجاب کے وزیراعلیٰ رہے لیکن پھر انہیں اپنے ہی اسپتال پسند نہیں آرہے، حالانکہ انہیں ابھی بھی وی وی آئی پی سہولیات ملی ہوئی ہیں، انہیں پاکستان کے عام عوام کا احساس ہونا چاہے جو انہی اسپتالوں میں زیرعلاج ہیں۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ جس طرح کی جیل نوازشریف، شہبازشریف اور سعدرفیق کو ملی ہوئی ہے عوام کو پتہ چل جائے تو آدھے پاکستانی جیل میں جانے کی خواہش کریں گے، جب چاہتے ہیں پروڈکشن آرڈر لیتے ہیں اور ریمانڈ کے 90 دن منسٹر انکلیو میں جاکر بیٹھ جاتے ہیں، یہ ہماری حکومت ہے اور سچ یہ ہے کہ غریب کے لئے قانون اور اور امیر کے لئے قانون اور ہے، جب تک غریب اور امیر کا قانون ایک نہیں ہوگا تحریک انصاف کا مشن بھی کامیاب نہیں ہوسکتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ نوازشریف شہبازشریف جیل جائیں تو پوری جیل ہی 5 اسٹار ہوٹل میں بدل جاتی ہے، وہاں سے 5 اسٹار اسپتالوں میں چلے جاتے ہیں، اور اگر غریب ٹانگے والا پکڑا جائے تو ان کے ساتھ کیا ہوتا ہے سب جانتے ہیں، جب تک قانون کی عملداری برابر نہیں ہوگی اور جب تک نوازشریف اور آصف زرداری کے ساتھ جیل میں عام عوام جیسا سلوک نہیں ہوگا تحریک انصاف کی حکومت کامیاب نہیں ہوسکتی۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) نے پاکستان کو مذاق بنا رکھا ہے، پاکستانی عوام کے پیسے کا بے دریغ ضیاع کیا گیا اور ملک کی حالت خراب کردی گئی، اب کہتے ہیں کہ حاجیوں کو سبسڈی نہیں دی گئی، ہم حج سبسڈی کیا دیتے؟ آپ نے غریب کی جیبوں میں چھوڑا کیا ہے جو ہم نکال کر دوسرے لوگوں کو سبسڈی دے سکیں۔
The post غریب اور امیر کا قانون ایک ہونے تک حکومت کامیاب نہیں ہوسکتی، فواد چوہدری appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو http://bit.ly/2t0nHgz
0 comments:
Post a Comment