ریاض: نو منتخب امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو مشرق وسطی کے تین روزہ دورے کے پہلے مرحلے میں سعودی عرب پہنچ گئے ہیں۔
بین الاقوامی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکا کے نو منتخب وزیر خارجہ مائیک پومپیو سعودی عرب کے دورے پر ریاض پہنچ گئے ہیں جہاں ہم منصب عادل الجبیر نے اُن کا استقبال کیا۔ مائیک پومپیو کو ائیر پورٹ کے لاونج پر سعودی عرب کا روایتی قہوہ پیش کیا گیا۔ بعد ازاں امریکی وزیر خارجہ نے اپنے سعودی ہم منصب سے باضابطہ طور پر اہم ملاقات کی۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان مشرق وسطیٰ بالخصوص یمن اور شام کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق بھی گفت و شنید ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے شمالی کوریا اور جنوبی کوریا کے سربراہان کی ملاقات کو مثبت پیش رفت قرار دیتے ہوئے اس اہم مسئلے پر بھی گفتگو کی۔
امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو کا کہنا تھا کہ سعودی عرب خطے کے پُرامن مستقبل کے لیے اہم قائدانہ کردار ادا کر رہا ہے۔ خطے میں امن کی کوششوں کے لیے سعودی عرب اور امریکا ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہیں۔ سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر نے امریکی ہم منصب کی سعودیہ آمد پر شکریہ ادا کیا۔ پومپیو سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے عشائیے میں بھی شرکت کریں گے۔
امریکی وزارت خارجہ کی ترجمان ہیدر ناورٹ نے میڈیا کو بتایا کہ مشرق وسطی میں پائیدار امن کے لیے وزیر خارجہ مشرق وسطی کے دورے پر ہیں۔ سعودی عرب کے علاوہ امریکی وزیر خارجہ تین روزہ دورے کے اگلے مرحلے پر اسرائیل اور اردن بھی جائیں گے۔
واضح رہے کہ نو منتخب وزیر خارجہ مائیک پومپیو امریکی صدر کے قریبی ساتھی تصور کیے جاتے ہیں جو ’سب سے پہلے امریکا‘ کے پُر جوش حامی اور جارحانہ مزاج رکھنے کے حوالے سے شہرت رکھتے ہیں۔ مائیک پومپیو اس سے قبل امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے کے ڈائریکٹر کی ذمہ داریاں نبھاتے رہے ہیں. امریکی صدر نے ریکس ٹلرسن کو برطرف کر کے مائیک پومپیو کو وزیرخارجہ نامزد کیا تھا۔ نومنتخب وزیر خارجہ کا یہ پہلا سرکاری دورہ ہے۔
The post نو منتخب امریکی وزیر خارجہ پہلے سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو https://ift.tt/2KmaypG
0 comments:
Post a Comment