ماسکو: قارئین کو یاد ہوگا کہ چند روز قبل وفاقی وزیربرائے سائنس و ٹیکنالوجی، فواد چوہدری نے کہا تھا کہ ہبل خلائی دوربین پاکستانی سائنسی ادارے سپارکو نے بنائی ہے اور اسے خلا میں بھیجا ہے۔ اس بیان پر جہاں پورے پاکستان سے تنقید کی گئی ہے، وہیں بین الاقوامی سطح پر بھی اس کا مضحکہ اڑایا جارہا ہے۔
ٹویٹراور سوشل میڈیا پر بعض افراد نے کہا کہ خود فواد چوہدری کو خلا میں بھیج دینا چاہیے۔ روسی خبر رساں ایجنسی آر ٹی نے اس ضمن میں ایک خبر شائع کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اگرچہ لوگوں سے غلط بیانیاں اور غلطیاں سرزد ہوتی ہیں، لیکن آر ٹی نے اسے ’’بڑا بول‘‘ اور ’’مضحکہ خیز‘‘ قرار دیا ہے۔
واضح رہے کہ زمین کے گرد مدار میں گردش کرنے والی ’’ہبل خلائی دوربین‘‘ (ایچ ایس ٹی) ناسا کے ماہرین نے 1990 میں خلائی مدار میں روانہ کی تھی۔ بہت سی فلکیاتی اور کائناتی دریافتوں کا سہرا ہبل دوربین کے سر ہے۔ یاد رہے کہ اس کا یہ نام مشہور ماہرِ فلکیات ’’ایڈوِن ہبل‘‘ کے نام پر رکھا گیا ہے، جس نے 1929 میں کائناتی پھیلاؤ کی انقلابی دریافت کی تھی۔
ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں فواد چوہدری نے دعویٰ کیا تھا کہ دنیا کی سب سے بڑی ’’ہبل خلائی دوربین، سپارکو کی جانب سے خلا میں بھیجی گئی تھی۔ ساتھ میں دیگر سیٹلائٹ اور ٹیکنالوجیز بھی شامل تھیں۔‘‘
اس کے بعد لوگوں نے فیس بک، ٹویٹر اور سوشل میڈیا پر اپنے ردِعمل کا اظہار کرتےہوئے اس بیان کو مضحکہ خیز قرار دیا تھا۔ ایک قاری نے کہا کہ حکومتی وزرا کے ہوتے ہوئے ہمیں کسی کارٹون نیٹ ورک کی ضرورت نہیں۔
ایک اور شخص نےٹویٹر پر لکھا: ’’خدا کا شکر ہے کہ اس (فواد چوہدری) نے ناسا کو سپارکو کا ایک ذیلی منصوبہ نہیں قرار دیا۔‘‘
ایک اورٹویٹ میں کہا گیا ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان کو اپنے وزیر کی اس اہم ’دریافت‘ پر خلا میں بھیج دینا چاہیے۔
The post ہبل خلائی دوربین اور سپارکو کے بیان پر فواد چوہدری کی عالمی میڈیا میں تضحیک appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو http://bit.ly/2vM6GYT
0 comments:
Post a Comment