Ads

اداکارہ انجمن کی شادی

ماضی کی ہیروئین انجمن نے 64سال کی عمر میں شادی کر لی ہے۔ اس میں حیرانی والی کیا بات ہے؟ پاکستان کیا دنیا میں کہیں بھی شادی کے لیے عمر کی کوئی قید نہیں ہے۔ مجھے سمجھ نہیں آرہی کہ بعض حضرات اس قدر حیرانی کا اظہار کیوں کر رہے ہیں۔ہالی وڈ اور بالی وڈ میں تو خواتین فنکاروں کی اس عمر کی شادی کی مثالیں موجود ہیں۔ تا ہم پاکستان میں نئی بات ہے۔

ہمارے وزیر اعظم عمران خان نے بھی 66سال کی عمر میں شادی کی ہے۔ اگر عمران خان کی شادی کوئی حیرانی کی بات نہیں ہے تو اداکارہ انجمن کی 64سال کی عمر میں شادی پر حیرانی کیوں ہے۔ویسے تو اور بے شمار سیاستدانوں نے بڑھاپے میں شادیاں کی ہیں لیکن کسی خاتون سیاستدان کا بڑھاپے میں شادی کرنے کا کم ہی سنا ہے۔ خواتین اسکینڈلز سے بھی دور رہنے کی کوشش کرتی ہیں۔ دوسری شادی تو دور کی بات ہے۔ البتہ مرد سیاستدان شادیاں کرتے رہتے ہیں۔ ان کو چھپاتے بھی ہیں اور ان کا اعلان بھی کرتے ہیں۔

ایک دوست کی رائے ہے کہ عرف عام میں سب کہتے ہیں کہ مرد کبھی بوڑھا نہیں ہوتا۔ اس لیے مردوں کی بڑھاپے میں شادیاں کوئی نئی بات نہیں ہے۔ لیکن پاکستان جیسے معاشرے میں خواتین کی بڑھاپے میں شادی پر حیرانی کا اظہار کیا جاتا ہے۔ میں نے کہا یہ کیا منطق ہوئی کہ مرد تو ادھیڑ عمر میں شادی کر سکتا ہے لیکن عورت ایسا کیوں نہیں کرسکتی۔ مرد اور عورت برابر ہیں۔ کہاں لکھا ہے کہ مرد بوڑھا نہیں ہو سکتا لیکن عورت کابوڑھا ہونا لازمی ہے۔ ایسا تو سنا ہے کہ بچوں نے بڑھاپے میں تنہا رہ جانے کے بعد باپ کی شادی کرائی ہو لیکن خاتون کے حوالے سے ایسا نہیں سنا۔ اس لیے فرق تو موجود ہے۔ آپ دونوں کو ایک آنکھ ایک اصول اور ایک نظر سے نہیں دیکھ سکتے۔

میں نے کہا یہ سب ماضی کی فرسودہ باتیں ہیں۔ یہ تب کی باتیں ہیں جب معاشرے میں مرد کی حکمرانی تھی۔ مرد نے تمام رسم و رواج اور اصول اپنے فائدے کے بنائے ہوئے تھے۔ اس لیے ادھیڑ عمر اور بوڑھے مردوں کی شادی کو ان کی شان سمجھا جاتا تھا لیکن آج عورت طاقتور ہو چکی ہے۔ عورت کی آزادی نے معاشرے کے پرانے رسم و رواج اور فرسودہ قوانین کو چیلنج کر دیا ہے۔عورت نے برابری کے حقوق مانگے نہیں چھین لیے ہیں۔

ایک دوست نے حیرانی سے کہا کہ شادی کے موقع پر انجمن نے سرخ جوڑا پہنا ہے۔ وہ نوجوان دلہنوں کی طرح تیار ہوئی ہیں۔ میں نے کہا، اس میں برائی کیا ہے؟ انھوں نے ساری عمر شوبز میں گزار دی ہے۔ بلکہ یہ کہنا غلط نہ ہوگا کہ پاکستان کی فلم انڈسٹری میں جو عروج انجمن کو ملا ہے وہ اور کسی کو نہیں ملا ہے۔ انجمن نے فلم انڈسٹری میں دبلی پتلی اور اسمارٹ ہیروئین کے ٹرینڈ کو ختم کر دیا تھا۔ ان کی سلطان راہی کے ساتھ جوڑی بھی عجیب تھی۔ نہ سلطان راہی ہیرو کے روایتی تقاضوں پر پورا اترتے تھے اور نہ ہی انجمن ہیروئین کے روایتی تقاضوں پر پورا اترتی تھیں۔ لیکن دونوں نے پاکستان کی فلم انڈسٹری کو ایک نہیں دو نہیں سیکڑوں ہٹ فلمیں دی ہیں۔ بلکہ سلطان راہی کی وفات کے بعد انجمن کو بھی دوسرا سلطان راہی نہیں ملا۔ اور پاکستان کی فلم انڈسٹری کو بھی دوسری انجمن نہیں ملی۔ ان کی جوڑی کیا ٹوٹی پاکستان فلم انڈسٹری ہی ٹوٹ گئی۔

انجمن کی شادی پر خبریں آئی ہیں کہ ان کے دلہا نے انھیں ایک گاڑی اور گھر تحفہ میں دیا ہے۔ ویسے تو یہ کوئی معیوب بات نہیں ہے۔ البتہ انجمن نے اس بات کی تردید کی ہے۔لیکن میں سمجھتا ہوں کہ کیا صرف نوجوان دلہنوں کو ہی مہنگے تحائف دئے جا سکتے ہیں۔ اگر آپ ساٹھ سال کی عمر کے بعد شادی کریں تو کیا آپ کو مہنگے تحائف نہیں دیے جا سکتے۔ یا کیا آپ یہ کہنا چاہتے ہیں کہ اگر کوئی خاتون ساٹھ سال کی عمر کے بعد شادی کرے تو اسے نہ تو سرخ جوڑا پہننا چاہیے اور نہ ہی شادی میں دولہے سے مہنگے تحائف لینے چاہیے۔ یہ کیسی فرسودہ بات ہے۔ شادی تو شادی ہے، اس کا عمر سے کیا تعلق ہے۔ اس کو خوشی سے کرنا چاہیے اور بھر پور طریقے سے خوشی منانی چاہیے۔ کیا آپ یہ کہنا چاہتے ہیں کہ انجمن کو سفید کپڑے پہن کر شادی کرنی چاہیے تھی۔ حالانکہ مغرب میں شادی میں دلہن سفید رنگ کا لباس ہی زیب تن کرتی ہے۔ لیکن پاکستان میں سفید رنگ کو افسوس کا رنگ سمجھا جاتا ہے ۔

انجمن نے اس سے پہلے بھی مبین ملک سے شادی کی تھی۔ ان کی یہ شادی کامیاب رہی۔ پھر مبین ملک کا قتل ہو گیا۔انجمن نے شوہر کی موت کے کوئی فوری بعد دوسری شادی نہیں کی ہے بلکہ چھ سال کے انتظار کے بعد دوسری شادی کی ہے۔ انجمن کے مبین ملک سے اختلافات کی خبریں بھی آتی رہی ہیں۔ لیکن یہ بات بھی حقیقت ہے کہ تمام تر نشیب و فراز کے باوجود یہ شادی آخری دم تک قائم رہی اور مبین ملک کے قتل کی تحقیقات میں انجمن پر کسی بھی قسم کا کوئی شک ظاہر نہیں کیا گیا۔ اس لیے جو دوست اس شادی میں سے مبین ملک کے قتل کو زندہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ۔ ان کی کامیابی کے اقدامات بھی معدوم ہیں۔

انجمن کی شادی کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے۔ میں سمجھتا ہوں کہ انھوں نے ٹھیک کیا ہے ۔ اس عمر میں تنہائی ہی آپ کو مار دیتی ہے۔ بچے بڑے ہو جاتے ہیں۔ ان کے پاس آپ کے لیے ٹائم نہیں ہوتا۔ اور آپ تنہا وقت گزارتے گزارتے وقت سے پہلے بوڑھے ہو جاتے ہیں۔ انجمن کو دیکھتے ہوئے کم از کم شوبز اور دیگر شعبہ ہائے زندگی میں ان سب خواتین کو بھی شادی کے بارے میں سوچنا چاہیے جو صرف اس خوف سے شادی نہیں کر رہی ہیں کہ اب ان کی عمر زیادہ ہو گئی ہے۔ اب اس عمر میں انھوں نے شادی کی تو لوگ کیا کہیں گے۔ لوگوں کا تو کام ہے باتیں کرنا۔ آپ کریں جو آپ کو کرنا ہے۔

The post اداکارہ انجمن کی شادی appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو https://ift.tt/2Nhps6b
Share on Google Plus

About Unknown

This is a short description in the author block about the author. You edit it by entering text in the "Biographical Info" field in the user admin panel.
    Blogger Comment
    Facebook Comment

0 comments:

Post a Comment