چیسٹر لی اسٹریٹ: ورلڈ کپ میں پیر کو سری لنکا اور ویسٹ انڈیز کے درمیان میچ ہوگا، آئی لینڈرز کو سیمی فائنل میں رسائی کیلیے معجزے کا انتظار ہے، اگر مگر کے چکر سے قبل اپنے باقی دونوں میچز جیتنا ہوں گے، دوسری جانب کیریبیئن ٹیم اب بحالی وقار کیلیے کھیلے گی، موسم صاف رہے گا۔
تفصیلات کے مطابق سری لنکا نے انگلینڈ کے خلاف 20 رنز کی کامیابی سے جہاں ایک طرف ٹورنامنٹ کو اوپن اور سیمی فائنلز کے امیدواروں میں اضافہ کیا تو دوسری جانب اپنے امکانات بھی روشن کیے مگر اگلے ہی میچ میں جنوبی افریقہ کے ہاتھوں ناکامی کے بعد آئی لینڈرز کے لیگ مرحلے سے آگے بڑھنے کے امکانات تقریباً ختم ہوچکے تاہم انھیں اب معجزے کا انتظار ہے، اگر وہ اپنے باقی دونوں میچز جیت جاتے اور انگلینڈ اور پاکستان کے آئندہ میچز کا نتیجہ شکست کی صورت میں برآمد ہوتا ہے تو پھر سری لنکا ٹیم کے سیمی فائنل کھیلنے کی امید بن سکتی ہے۔ پروٹیز سے میچ میں اسے 9 وکٹ سے شکست ہوئی تھی، جس میں بڑا قصور غیر مستقل مزاج بیٹنگ کا تھا، اب اسے ویسٹ انڈین اٹیک کے خلاف بہتر پرفارمنس کا چیلنج درپیش ہوگا۔ لسیتھ مالنگا سے کافی امیدیوں وابستہ ہیں، انھوں نے 5 میچز میں 9 وکٹیں لی ہیں، جن میں سے 7 سری لنکا کی 2 فتوحات میں سامنے آئی ہیں۔ نوان پردیپ کے انجرڈ ہونے کی وجہ سے آئی لینڈرز کا انحصار اپنے تجربہ کار پیسر پر ہی ہوگا۔
دوسری جانب جیسن ہولڈر ایلیون 7 میچز میں سے صرف ایک کامیابی کی وجہ سے سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگئی ہے، اگرچہ کئی میچز میں اس کی جانب سے اچھی پرفارمنس سامنے آئی مگر وہ کامیابی حاصل کرنے میں ناکام رہے۔ اپنے افتتاحی میچ میں کیریبیئن ٹیم نے پاکستان کے خلاف 7 وکٹ سے کامیابی حاصل کی تھی مگر اس کے بعد کوئی بھی تدبیر کارگر ثابت نہیں ہوئی۔ ٹیم کے سینئر ممبر کرس گیل اپنے پانچویں اور آخری ورلڈ کپ کو یادگار تو نہیں بنا پائے تاہم الوداعی میچز میں بہتر کارکردگی پیش کرنا چاہتے ہیں۔ چیسٹر لی اسٹریٹ میں ہی سری لنکا کو 9 وکٹ سے شکست ہوئی تھی، اس لیے وہ اس بار زیادہ سنبھل کر کھیلنے کی کوشش کریں گے، ڈرہم میں پیر کو آسمان صاف رہے گا بارش کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں۔
The post سیمی فائنل میں رسائی ؛ سری لنکن کرکٹ ٹیم کومعجزے کا انتظار appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو https://ift.tt/2Lv6yWE
0 comments:
Post a Comment