کراچی: رزاق آباد پولیس ٹریننگ سینٹرسے متصل سرکاری اسکول کے قریب مبینہ طور پر آنسو گیس شیل گرنے سے گیس سے خارج ہونے والے دھویں سے اسکول کے کئی بچے بے ہوش ہو گئے جبکہ کئی بچے آنسو گیس شیل کا دھواں آنکھوں اورحلق میں لگنے سے بھی متاثر ہوئے، واقعے کے خلاف علاقہ مکینوں کی جانب سے احتجاج بھی کیا گیا۔
شاہ لطیف ٹاؤن تھانے کے علاقے نیشنل ہائی وے پرواقع شہید بے نظیربھٹو ایلیٹ پولیس ٹریننگ سینٹر رزاق آباد سے متصل گورنمنٹ گرلزاینڈ بوائز پرائمری اسکول یوسی 5کے قریب مبینہ طور پرآنسو گیس کا شیل گرنے سے اسکول میں زیرتعلیم متعدد بچے بے ہوش ہو گئے۔
کئی بچے آنسو گیس کا دھواں آنکھوں اور حلق میں لگنے سے متاثرہوگئے، جنھیں فوری طورپرقریبی اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے، واقعے کے بعد اسکول میں افراتفری پھیل گئی اوراسکول کے بچے اور استائذہ کلاسوں سے باہر آگئے،مکینوں نے احتجاج شروع کردیا۔
اسکول کی ایک خاتون ٹیچر نے بتایا کہ آنسو گیس سے متاثر ہونے والے بچوں پراپنی مدد آپ کے تحت ان پر پانی ڈالا اورطبعیت بہتر ہونے پرانھیں گھرروانہ کردیا گیا۔
ایس ایچ اوشاہ لطیف ٹاؤن رانا مقصود نے بتایا کہ ٹریننگ سینٹر میں جوانوں کو آنسو گیس شیل چلانے کی تربیت فراہم کی جا رہی تھی کہ آنسو گیس شیل کے دھویں سے ٹریننگ سینٹرکے قریب واقع اسکول کے متعدد بچے متاثر ہوئے 4 بچوں کو گلشن حدید میں واقع اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
اس حوالے سے رزاق آباد پولیس ٹریننگ سینٹر کے پرنسپل کمانڈنٹ تنویر عالم اوڈھونے بتایا کہ رزاق آباد پولیس ٹریننگ سینٹر میں اینٹی رائٹس یونٹ بنا ہوا ہے جہاں زیر تربیت جوانوں کو آنسو گیس چلانے کی تربیت فراہم کی جاتی ہے، گزشتہ روزبھی زیرتربیت جوانوں کو آنسو گیس چلانے کی تربیت دی جا رہی تھی کہ ہوا کا رخ تبدیل ہونے سے آنسو گیس شیل سے خارج ہونے والا دھواں قریب واقع اسکول تک پہنچ گیا جس کی وجہ سے اسکول کے 4 بچے بے ہوش ہو گئے جنھیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا، انھوں نے اس بات کی تصدیق نہیں کی کہ شیل اسکول کے اندر گرا یا قریب گرا ہے۔
ترجمان سندھ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ڈی آئی جی ٹریننگ ذوالفقار لاڑک نے بتایا کہ ہوااچانک مخالف سمت چلنے کے باعث واقعہ پیش آیا ہے، انھوں نے پرنسپل رزاق اباد پولیس ٹریننگ سینٹر کو ہدایت دی ہے کہ وہ اسکول انتظامیہ اور علاقہ مکینوں کے پاس جائیں اورعلاقہ مکینوں اور اسکول انتظامیہ کو اعتماد میں لیکر معاملے کو افہام وتفہیم سے حل کریں پولیس تربیت حکمت عملی اور لائحہ عمل کا از سر نو جائزہ لیکر اسے ہر لحاظ سے فول پروف بنایا جائے۔
The post رزاق آباد پولیس ٹریننگ سینٹر، آنسو گیس شیل اسکول میں گرنے سے کئی بچے بے ہوش appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو https://ift.tt/2WAJGbR
0 comments:
Post a Comment