دبئی: ’بدمزاج‘ مانوساہنی کی آئی سی سی سے چھٹی کا وقت آگیا، تحقیقات میں ملازمین نے چیف ایگزیکٹیو کے خلاف شکایات کے انبار لگا دیے تاہم بورڈ میٹنگ میں باضابطہ طورپر برطرفی کا اعلان متوقع ہے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے جنوری2019 میں مانو ساہنی کا بطور چیف ایگزیکٹیو تقررکیا تھا،وہ اس سے قبل سنگاپور میں ایک اسپورٹس مینجمنٹ کمپنی کے ایگزیکٹیو تھے،انگلش پریمیئر لیگ کلب مانچسٹر یونائیٹڈ کے غیرجانبدار ڈائریکٹر بھی رہ چکے۔
آئی سی سی میں ان کا دیگر ملازمین کے ساتھ رویہ اچھا نہیں تھا جس کی وجہ سے شکایتیں بڑھنے لگیں،ایسے میں آئی سی سی نے رخصت پر بھیجتے ہوئے انگلینڈ کی ایک فرم پرنس واٹرہاؤس کوپرز کو ساہنی کے خلاف کلچرل تحقیقات کی ذمہ داری سونپی، جس نے 10 مارچ کو اپنی مکمل رپورٹ آئی سی سی کو دے دی۔
چیف ایگزیکٹیو کو عائد الزامات اور تحقیقات کے نتائج پر بات کرنے کیلیے طلب کیا گیا مگر وہ نہیں آئے۔ اب بدھ سے شروع ہونے والے آئی سی سی بورڈ اجلاس میں ساہنی کو ملازمت سے برطرف کیے جانے کا امکان ہے۔
غیرتصدیق شدہ رپورٹس کے مطابق خود ساہنی بھی اپنی جبری برطرفی کی صورت میں آئی سی سی کو قانونی نوٹس بھیجنے کو تیار بیٹھے ہیں، سنگاپور میں بھی ملازمت کے دوران ان پر خراب رویے کے الزامات عائد ہوئے تھے۔
دوسری جانب ساہنی کی جگہ نئے چیف ایگزیکٹیو کیلیے امیدواروں کے نام بھی سامنے آنا شروع ہوگئے،ان میں انگلش بورڈ کے چیف ٹام ہیریسن، ویسٹ انڈین جوناتھن گریویس اور ای سی بی کے ہی ڈائریکٹر ایونٹ اسٹیو ایلورتھی کا نام بھی شامل ہے۔ مانو ساہنی کی قسمت کا فیصلہ ہونے کے بعد آئی سی سی کا ایچ آر ڈپارٹمنٹ نئے چیف ایگزیکٹیو کی تقرری کا عمل شروع کرے گا۔
یاد رہے کہ بگ تھری بھارت، آسٹریلیا اور انگلینڈ بھی ساہنی سے خوش نہیں تھے،وہ انھیں نئے نشریاتی دورانیے میں ہر سال ایک ورلڈ کپ کی تجویز کا ماسٹرمائنڈ سمجھتے ہیں۔
The post ’بدمزاج‘ مانوساہنی کی چھٹی کا وقت قریب appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو https://ift.tt/3rJNVjk
0 comments:
Post a Comment