برج حمل
سیارہ مریخ،21 مارچ تا20اپریل
ہفتے کی ابتدا ایک جذباتی بہاؤ سے ہوگی۔ 18، 19 اور 20 یہ تین تاریخیں آپ کے اندر اور باہر کئی طرح کی ہوائیں اور کیفیات کی راہ ہموار کرسکتی ہیں۔ آپ کے زیادہ سوچنے اور جذباتی ہونے سے اگرچہ امور اچھے ہوجائیں گے لیکن کچھ بگاڑ بھی آسکتا ہے۔ اولاد، گھر، کیریر، صحت اور بیرون ملک سے متعلق کچھ چیزیں آپ کو کچھ پریشان کرسکتی ہیں۔ آپ کے لیے اچھا وقت ہے کہ چیزوں کا درست سمت میں مطالعہ کریں۔
برج ثور
سیارہ زہرہ،21اپریل تا 20 مئی
چار طرح کی توانائیاں آپ کی مالی بہتری کے لیے کوشاں نظر آتی ہیں۔ آن لائن بزنس کی طرف توجہ ہوسکتی ہے اور اس سے متعلق پیشکشیں بھی مل سکتی ہیں۔ کچھ پرانی اور بظاہر نظرانداز کی جانے والی چیزیں اور لوگ آپ کے لیے فائدوں کے راستے کھول سکتے ہیں۔ ایسے وقت میں کوئی پرانی خاندانی بیماری بھی متحرک ہوسکتی ہے۔ کوشش کیجیے کہ خیال کا پرندہ حدِپرواز سے تجاوز نہ کرے۔
برج جوزا
سیارہ عطارد،21مئی تا 21 جون
آپ کی ذہنی صلاحیتیں درست سمت میں کام کررہی ہیں۔ 19 اور 20 تاریخ کو کچھ محتاط رہنے کی ضرورت ہوگی، کیوںکہ اس وقت مالی نقصان کا اندیشہ ہے اور یہ آپ کی ضرورت سے زیادہ تیزی اور خوداعتمادی کی وجہ سے ہوسکتا ہے۔ آپ کا ازدواجی ساتھی یا پارٹنر آپ کے کیریر میں ہاتھ بٹانے آگیا ہے۔ عوامی تعلقات سے آپ کا مالی اور شخصی فائدہ ہوتا ہوا نظر آتا ہے۔
برج سرطان
سیارہ قمر،22جون تا 23 جولائی
سورج آپ کے خیر خیرات اور انسان خدمت کے امور کو متحرک کرتا نظر آتا ہے۔ آپ کے اخراجات یا لوگوں کی فلاح و بہبود پر اٹھنے والی دولت یقیناً ایک عظیم کارِخیر ہے، لگتا ہے آپ مذہب سے زیادہ قریب ہورہے ہیں اور ایسے وقت میں زیارات اور بزرگوں سے ملاقاتیں بھی ہوسکتی ہیں۔ وراثتی امور سے فائدہ ہوسکتا ہے گھر کی کوئی الجھن کا بھی اندیشہ ہے۔
برج اسد
سیارہ شمس،24جولائی تا 23 اگست
20، 21اور 22 ان ایام میں ایسی کوئی امید بر آسکتی ہے جو مسلسل ہونے اور نہ ہونے کے درمیان لٹکتی رہی ہے۔ آپ کی شعوری قوت کے ساتھ ایک اور اَنجانی قوت بھی متحرک ہے جو آپ کو الگ اور نئی طرح کی توانائی سے نواز رہی ہے۔ کیریر اور سفر کے حوالے سے ایک سنجیدہ اور عمررسیدہ دوست کا تعاون حاصل ہوسکتا ہے جو آپ کو سنجیدگی اور دوراندیشی سکھادے۔
برج سنبلہ
سیارہ عطارد،24 اگست تا 23 ستمبر
اس ہفتے کی ابتدا اور انتہا دونوں ایام میں مالی فائدے کی واضح امید ہے۔ آپ کا معاشرتی وقار بلند ہوگا اور آپ غیرمتوقع بھی مالی اور اخلاقی فائدہ سمیٹے ہوئے دکھائی دیتے ہیں۔ کچھ قریبی مہربان گاہے بگاہے آپ کے صبر کی دیواریں ہلاتے رہیں گے، در گزر ہی بہتر راستہ ہے، زحل چھٹے خانے میں موجود ہے زمین اور زمین سے جڑے کام آپ کے لیے ترقی کی راہیں کھول سکتے ہیں ۔
برج میزان
سیارہ زہرہ،24 ستمبر تا 23اکتوبر
اگرچہ سیارے خوش بختی کے خانے میں موجود ہیں لیکن وہیں کچھ ناپسندیدہ سیاروں کی موجودگی اور ان کی ترچھی نظریں مسائل بھی ظاہر کر رہی ہیں۔ سانس کے کچھ مسائل ہوسکتے ہیں کرونا کے حوالے سے سخت محتاط رہنے کی ضرورت ہے، کمر اور معدے کے بھی کچھ مسائل سر اٹھا سکتے ہیں، صدقہ دیجیے اور محتاط رہیں۔
برج عقرب
سیارہ پلوٹو،24 اکتوبر تا 22 نومبر
جمعہ تا اتوار کسی بھی نوعیت کے جذباتی فیصلے سے گریز کیجیے۔ سیاروں کی پوزیشن بالکل حمایت میں نہیں ہے۔ سانس لینے میں دشواری اور دل کی کارکردگی متاثر ہوسکتی ہے۔ سفر سے گریز کیجیے اور کسی بھی طرح کی سرمایہ کاری سے رک جائیں، یہ وقت پیسے پھنسا سکتا ہے، اگر لازم سمجھیں تو پہلے کسی سے اس بارے مشورہ ضرور کرلیں۔
برج قوس
سیارہ مشتری،23 نومبرتا 22 دسمبر
خوش قسمتی اگرچہ آپ کا ساتھ دے رہی ہے لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ آپ کنویں میں چھلانگ لگادیں۔ آپ کی اعلٰی سوچ کا سیارہ کم زور حالت سے گزر رہا ہے۔ ایسا وقت انسان سے بڑی غلطیاں کروادیتا ہے۔ 20 تاریخ کو ممکن ہے آپ کو درست مشورہ دیا جائے لیکن آپ اپنی خیالی دنیا سے مطابقت نہ پاتے ہوئے اسے قابل عمل نہ سمجھیں، اور یہ دانش مندی نہ ہوگی۔
برج جدی
سیارہ زحل،23 دسمبر تا 20 جنوری
مالی فائدے ہوتے رہیں گے، لیکن اس ہفتے اچانک صحت سے مسائل ہوسکتے ہیں، کیوںکہ اچانک بیماریوں کا سیارہ آپ کی صحت اور کام کاج کو متاثر کرنے آرہا ہے اور یہ یہاں ایک ماہ رہے گا گویا ایک ماہ محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔ اس ہفتے 19 تا 21 یہ تین دن اپنا خصوصی خیال رکھیں۔ 23 تاریخ کو کاروبار اور مالی حوالے سے ایک اچھا دن ہونے کی امید ہے۔
برج دلو
سیارہ یورنیس،21 جنوری تا 19 فروری
17 اور 18 تاریخوں کو صحت خراب اور کچھ قریبی لوگوں سے توتو میں میں ہوسکتی ہے۔ کوشش کیجیے مزاج میں تلخی حد سے تجاوز نہ کرنے پائے۔ اس دورانیے میں مالی فائدہ ہوسکتا ہے لیکن اس کے لیے کچھ زیادہ مشقت کرنی اور نئی راہیں اپنانی ہوں گی۔ آپ کی سوچ اور قوت فیصلہ آپ کی درست سمت میں راہ نمائی کرے گی۔ آپ اپنی رائے کا یقین کرسکتے ہیں۔
برج حوت
سیارہ نیپچون،20 فروری تا 20 مارچ
آپ کا یہ ہفتہ آپ کو ماضی سے نکال رہا ہے، بالکل نئی راہیں اور نئی منصوبہ بندی۔ آپ کی نیند متاثر ہے لیکن ایسا لگتا ہے کہ آپ جاگنے میں ہی نیند کا بھی مزہ لے لیتے ہیں، یہ ایک عجیب کیفیت ہے۔ آپ کے اندر ایک نئی دنیا آباد ہے اور آپ اس دنیا کو حقیقت میں بھی روبرو چاہتے ہیں۔ سوموار اور منگل کو ممکن ہے آپ کو کوئی مالی فائدہ ہو، ان دونوں دن اپنی صحت کا بھی خیال رکھیں اور 21 اور 22 تاریخوں کو بھی محتاط رہیں۔
The post علمِ نجوم کی روشنی میں آپ کا یہ ہفتہ appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو https://ift.tt/3ygzZlu
0 comments:
Post a Comment