کراچی: سندھ حکومت نے پیر سے دوکانیں رات 8 بجے تک کھولنے کا فیصلہ کرلیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی صدارت میں کورونا وائرس پر صوبائی ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا، جس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ پیر 7 جون سے صوبے بھر میں دکانیں رات 8 بجے تک کھولی جائیں گی، تاہم تمام دکانوں کے اسٹاف کو ویکسین لازمی کرانا ہوگا، اور 15 دن بعد دکانوں کے اسٹاف کے ویکسینیشن سرٹیفکیٹس چیک کیے جائیں گے۔
اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ 5 جون کو کراچی میں کیسز کی شرح 8.5 فیصد تھی، یکم جون کو کراچی میں 12.45 فیصد کیسز مثبت تھے، 5 جون کو حیدرآباد میں 11.06 فیصد کیسز مثبت تھے، 30 مئی سے 5 جون تک کراچی شرقی میں 18 فیصد کیسز مثبت تھے، ضلع وسطی میں 11 فیصد، ملیر اور ضلع جنوبی میں 10 فیصد کیسز مثبت تھے، اس وقت کراچی میں 79 مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں، شہید بے نظیر آباد میں 2 مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آؤٹ ڈور ڈائننگ کی رات 12 بجے تک کھولنے کی اجازت ہوگی، اور آؤٹ ڈور ڈائننگ پر لوگوں کے درمیان فاصلہ رکھنا لازمی ہوگا، 2 ہفتوں کے بعد شادی ہالز، آؤٹ ڈور شادیوں کی اجازت ہوگی، ساحلِ سمندر، بیچ اور سی ویو بھی کھولنے کا اعلان کردیا گیا ہے، جب کہ سیلون بھی ایس او پیز کے تحت کھولنے کی اجازت ہوگی۔
دوسری جانب وزیرتعلیم سندھ سعید غنی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں اعلان کیا کہ ٹاسک فورس کے اجلاس میں تعلیمی اداروں کو کھولنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے، نویں جماعت سے جامعات تک کے تعلیمی ادارے کل سے کھولنے کی اجازت ہوگی، تمام تدریسی و غیر تدریسی عملے کی ویکسینیشن لازمی ہوگی۔
The post سندھ میں تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان، کاروباری اوقات رات 8 بجے تک کردیئے گئے appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو https://ift.tt/2RumNsE
0 comments:
Post a Comment