Ads

وہ دس باتیں جو شادی کے موقع پر ہرگز نہ کیجیے

شادی ایک پرُمسرت موقع ہے۔اس کے ذریعے دو انسانوں کی زندگیوں کے نئے دور کا آغاز ہوتا ہے۔ خصوصاً دولھا دلھن کے والدین کی یہی سعی ہوتی ہے کہ یہ نازک و مبارک موقع کسی حادثے کے بغیر خیروخوبی سے مکمل ہو جائے۔ لیکن دیکھا گیا ہے کہ شادی میں شرکت کرنے والے بعض لوگ،خاص طور پہ خواتین طرح طرح کی باتیں کرتی ہیں۔ ان بچکانہ باتوں کی وجہ سے کبھی کبھی سنگین مسائل پیدا بھی ہوجاتے ہیں۔

حیرت انگیز بات یہ کہ شادی کے وقت بظاہر تعلیم یافتہ نظر آنے والے مردو خواتین بھی ایسی فضول باتیں کرتے ہیں کہ انھیں سن کر ہر باشعور انسان حیران وپریشان ہو جاتا ہے۔آج ہم آپ کو ایسی دس باتوں کے بارے میں بتا رہے ہیں جو کسی شادی میں شرکت کے دوران آپ کو ہرگز نہیں کرنی چاہیں۔ان سے پرہیز آپ کو ایک باشعور اور عاقل انسان ثابت کرے گا۔

1۔شادی پر کتنا خرچہ ہوا

یہ بات خاص طور پہ دولھا یا دلھن کے رشتے دار ان کے والدین سے اکثر پوچھتے ہیں۔حالانکہ بات یہ ہے کہ جتنے بھی پیسے خرچ ہوئے ہیں، اس سے آپ کو کیا؟

2۔شادی کا کھانا زیادہ اچھانہیں

پاکستانی شادیوں میں کئی لوگ ایسے پائے جاتے ہیں جو کھانا تو پیٹ بھر کر اور بڑے زور شور سے کھاتے ہیں لیکن ساتھ ہی یہ کہہ دیتے ہیں کہ کھانا زیادہ اچھا نہیں ۔بعض گھٹیا افراد تو یہ کہنے سے بھی نہیں چوکتے کہ وہ گھر جا کر دوبارہ کھائیں گے۔یہ بات قدرتاً غصہ دلانے والی ہے۔مگر موقع محل کا احساس کر کے میزبانوں کو خاموش رہ کر خون کے گھونٹ پینے پڑتے ہیں۔

3۔فلاں رشتے دار کو کیوں نہیں بلایا

اگر کسی دور کے رشتے دار کو بھی کسی وجہ سے نہ بلایا جائے تو کئی لوگوں کی عادت ہوتی ہے کہ اس بات کو بھرے مجمع میں اٹھا دیں گے۔اس وجہ سے کبھی کبھی شادی میں رشتے دار وں کے مابین پانی پت کی لڑائی بھی چھڑ جاتی ہے۔

4۔بالکل فضول موسیقی ہے

شادی کے دوران موسیقی پر تنقید کرنے والوں کی بھی کمی نہیں ہوتی۔ بات یہاں تک پہنچ جاتی ہے کہ کہا جاتا ہے، کوئی سستا قسم کا ڈی جے ہے جو فضول گانے گا رہا ہے۔

5۔میں تو زیادہ ’شگن‘ دے رہاہوں

کچھ کینہ توز لوگ ایسے بھی ہوتے ہیں جو عین شادی کے وقت دوسروں کو بتاتے ہیں کہ میری بہن یا بھائی کی شادی میں انہوں نے500روپے دئیے تھے جبکہ میں تو پھر بھی1000دے رہاہوں۔

6۔اتنا سستا جوڑااور جیولری!

کچھ خواتین کی نظریں دلہن کے کپڑوں اور جیولری پر ٹکی ہوتی ہے۔آخر ان سے ضبط نہیں ہوتا اور وہ کہنے لگتی ہیں کہ یہ جوڑا تو بہت سستا ہے۔اور جیولری تو بالکل نقلی لگ رہی ہے۔

7۔حور کے بغل میں لنگور

اگر دلہن زیادہ خوبصورت ہواور لڑکا عام صورت شکل کا تو کئی لوگ جل کر یہ محاورہ بولنے لگتے ہیں ۔یہ بات کسی قریبی رشتے دار کے کانوں میں پڑ جائے تو لڑائی کی ابتدا ہو سکتی ہے۔

8۔یہ شادی پیسے کے لیے ہے

اگر شوہر یا بیوی میں سے کسی کی مالی حالت میں فرق ہوتولوگ کہنے لگتے ہیں کہ یہ شادی پیسے کے لیے کی گئی ہے۔سوال یہ ہے کہ اس بات سے ان کا کیا تعلق ہے؟

9۔لڑکے کے والدین شادی پر راضی نہیں

یہ اعتراض تو ہر اس شادی میں اٹھایا جاتا ہے جس میں لڑکی یا لڑکا اپنی پسند سے ساتھی کا انتخاب کریں۔ایسا صرف والدین کو ذہنی اذیت پہنچانے کی خاطر کہا جاتا ہے۔

10۔بچہ کب پیدا کرو گے؟

ابھی شادی کی تقریب جاری ہوتی ہے اور اکثر لوگوں ،خصوصاً بوڑھی خواتین کو یہ پریشانی لگ جاتی ہے کہ اب نیا جوڑا بچہ کب پیداکرے گا۔

The post وہ دس باتیں جو شادی کے موقع پر ہرگز نہ کیجیے appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو http://ift.tt/2El0E4V
Share on Google Plus

About Unknown

This is a short description in the author block about the author. You edit it by entering text in the "Biographical Info" field in the user admin panel.
    Blogger Comment
    Facebook Comment

0 comments:

Post a Comment