گڑھی خدا بخش: پیپلز پارٹی کے چیرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ طاقت کے نشے میں مست نام نہاد ٹھیکیداروں کے ہاتھ سے ملک نکلا جارہا ہے۔
گڑھی خدا بخش میں بے نظیر بھٹو شہید کی گیارھویں برسی کے موقع پر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ صرف دو سال میں میری راہ میں کانٹے اور ذات پر حملے کیے گئے لیکن ان تمام قوتوں سے کہتا ہوں کہ میں تم سے اور تمہاری سازشوں سے لڑوں گا اور غرور کو پاش پاش کردوں گا، جے آئی ٹی کی رپورٹ سفید جھوٹ ہے جسے میں نہیں مانتا، عدالتوں کو بے وقوف، گمراہ اور سیاسی انجینئرنگ کےلیے استعمال کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، لیکن مجھے یقین ہے کہ عدالت جے آئی ٹی رپورٹ کو ردی کی ٹوکری میں پھینک دے گی۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ دو سال سے کہہ رہا ہوں پختون نوجوانوں کو دیوار سے نہ لگاؤ، مجال ہے ملک کے نام نہاد ٹھیکیداروں کو کوئی احساس اور فکر ہو، نواز شریف کو سزا دلوانے کے بعد پنجاب میں لگنے والے نعروں کا کوئی تصور بھی کرسکتا تھا؟، ہر طرف غم و غصے کی لہر ہے، ملک کے نام نہاد ٹھیکیدار طاقت کے نشے میں مست ہیں اور ملک ہاتھ سے نکلا جارہا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ یہ کیسا وزیراعظم ہے جسے بیوی سے وزیراعظم ہونے اور ٹی وی سے ڈالر کے بڑھنے کا پتہ چلتا ہے، عمران کو حکومت دینی تھی تو تھوڑی تیاری ہی کرادیتے، اسے سمجھاتے مرغی انڈوں سے قوم کی تقدیریں نہیں بدلتیں، تم نے بے نامی اکاؤنٹ کی تحقیقات کیں لیکن ہمت ہے تو بے نامی وزیراعظم کی تحقیقات بھی کرتے، کرکٹ کھیلنے اور حکومت کرنے میں زمین آسمان کا فرق ہے۔
The post طاقت کے نشے میں مست نام نہاد ٹھیکیداروں کے ہاتھ سے ملک نکلا جارہا ہے، بلاول appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو http://bit.ly/2LzHk7D
0 comments:
Post a Comment