صنعا: یمن میں امریکی ڈرون کے حملے میں القاعدہ سے تعلق رکھنے والے 4 جنگجو ہلاک ہوگئے ہیں۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق یمن کے صوبے مارب میں امریکی ڈرون نے شدت پسندوں کی ایک گاڑی کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں القاعدہ سے تعلق رکھنے والے 4 جنگجو ہلاک ہوگئے تاہم ہلاک ہونے والے القاعدہ جنگجوؤں کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔
امریکی ڈرون نے القاعدہ جنگوؤں کی گاڑی کو اس وقت نشانہ بنایا جب وہ لوگ ایک ٹھکانے سے دوسرے ٹھکانے میں منتقل ہونے کے لیے گاڑی میں جا رہے تھے۔ ڈرون حملے کے نتیجے میں شدت پسندوں کی گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی جب کہ لاشیں جل کر ناقابل شناخت ہوگئیں۔
ادھر امریکی ذرائع کا کہنا ہے کہ انٹیلی جنس بنیاد پر ڈرون طیارے کی مدد سے شدت پسند مقامی گروہ AQAP یعنی جزیرہ نما عرب کی القاعدہ کے شدت پسندوں کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا، ہلاک ہونے والے شدت پسند القاعدہ کے نامور کمانڈر اور جنگجو تھے جن کی شناخت جلد ظاہر کردی جائے گی۔
واضح رہے کہ یمن میں جاری خانہ جنگی میں مزید تیزی آگئی ہے اور سب سے زیادہ گھمسان کی جنگ بندرگاہ الحدیدہ کا کنٹرول حاصل کرنے کے لیے جاری ہے جب کہ جنگ بندی کے لیے اقوام متحدہ سمیت دیگر قوتوں کی تمام تر کوششیں تاحال رنگ نہ لاسکی ہیں۔
The post یمن میں امریکی ڈرون حملہ، 4 القاعدہ جنگجو ہلاک appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو http://bit.ly/2Ye4Iwq
0 comments:
Post a Comment