لندن: ایشز میں ناقص امپائرنگ پر آئی سی سی حرکت میں آ گئی جب کہ بقیہ میچز سے جوئیل ولسن اور کرس گفینی کی’چھٹی‘ کرنے کا فیصلہ ہوگیا۔
انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان ایشز سیریز اب تک کئی متنازع فیصلوں کا شکار ہوئی ہے، گذشتہ 3 میچز میں امپائرز کی جانب سے کئی غلطیاں کی گئیں جس کے بعد اب باقی 2 میچز میں نئے آفیشلزذمہ داری انجام دیں گے۔
ویسٹ انڈیز سے تعلق رکھنے والے امپائر جوئیل ولسن نے خاص طور پر ہیڈنگلے میں کھیلے گئے تیسرے ٹیسٹ کے آخری لمحات میں بین اسٹوکس کو واضح طور پر ایل بی ڈبلیو ہونے کے باوجود ناٹ آؤٹ قرار دیا جنھوں نے وننگ چوکا جڑ کر اپنی ٹیم کو ایک وکٹ سے فتح دلا دی۔ آسٹریلوی ٹیم 5 منٹ قبل ریویو گنواچکی تھی جس کی وجہ سے وہ اس فیصلے کو چیلنج نہیں کرپائی۔
اسی طرح گفینی کے بھی اسی میچ میں ڈی آرایس پر 7 فیصلے تبدیل ہوئے۔ اب یہ دونوں اولڈ ٹریفورڈ یا پھر اوول میں شیڈول باقی میچز میں امپائرنگ نہیں کریں گے۔ ایجبسٹن میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں ولسن کے 8 فیصلے ڈی آر ایس پر تبدیل ہوئے تھے۔ اس طرح انھوں نے اس حوالے سے منفی ریکارڈ بھی برابر کیا۔
اب دونوں کی جگہ آئندہ ہفتے مانچسٹر میں شیڈول چوتھے ٹیسٹ میں ماریس ایراسمس اور روچیرا پالیاگروگے فیلڈ جبکہ کمار دھرماسینا تھرڈ امپائر ہوں گے۔
یاد رہے کہ رواں ایشز سیریز کا ابتدائی دن جوئیل ولسن اور علیم ڈار دونوں کیلیے کافی مشکل ثابت ہوا تھا، انھوں نے مجموعی طور پر ایک دن میں7غلط فیصلے دیے تھے۔ اس سے قبل ورلڈ کپ فائنل میں بھی امپائرنگ کی وجہ سے تنازع کھڑا ہوا تھا جب کماردھرما سینا نے اختتامی اوورز میں انگلینڈ کو چند اہم رنز عطیہ کردیے تھے۔
The post ایشز؛ ناقص امپائرنگ پر آئی سی سی حرکت میں آ گئی appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو https://ift.tt/2MLoCNF
0 comments:
Post a Comment