کراچی: آئی بی اے ٹیسٹ پاس اساتذہ کی بھوک ہڑتال 25 ویں روز میں داخل ہوگئی جب کہ بھوک ہڑتال پربیٹھے اساتذہ نے مطالبات منظور نہ ہونے کی صورت میں 15 اکتوبرکو وزیر اعلیٰ ہاؤس کے سامنے دھرنا دینے کا اعلان کیا ہے۔
کراچی پریس کلب پر بھوک ہڑتال پر بیٹھے سندھ بھر کے آئی بی اے ٹیسٹ پاس اساتذہ کا مستقلی کے مطالبے کے حصول کے لیے احتجاج 25 ویں روز بھی جاری رہا، بھوک ہڑتال کیمپ میں موجود ہیڈمسٹریس فائزہ فاطمہ کا کہناتھاکہ ہمارا ایک ہی مطالبہ ہے کہ اپریل 2019 کو وزیر اعلیٰ سندھ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن پر عمل کرکے ہماری مستقلی کا مسئلہ سندھ اسمبلی میں قانون سازی کے ذریعے حل کیا جائے۔
ہیڈ ماسٹرز کے جائز مسئلے کو حل کرنے کیلیے جوکمیٹی بنائی گئی وہ بھی سست روی کا شکارہو چکی ہے، اب تک نہ تحریری لیٹر جاری ہوا نہ ہی کمیٹی کے کسی ممبر نے بھوک ہڑتال کیمپ آکر دادرسی کی ہے۔
گزیڈیٹیڈ آفیسرز ایسوسی ایشن کے مرکزی جنرل سیکریٹری زین العابدین لغاری کا کہنا تھا کہ اعلیٰ تعلیم یافتہ گزیڈیٹیڈ کلاس کے اساتذہ مسلسل تین ہفتوں سے سراپا احتجاج ہیں اور سندھ حکومت مسئلے کو سنجیدگی سے نہیں لے رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا اساتذہ کواگرجلد مستقل نہ کیاگیا تو 15 اکتوبر کو وزیر اعلیٰ ہاؤس کے سامنے دھرنا دیا جائے گا، یاد رہے کہ گورنمنٹ ٹیچرز ایسوسی ایشن اور پرائمری ٹیچرز ایسوسی ایشن کی طرف 15 اکتوبر کو وزیر اعلیٰ ہاؤس کے سامنے دھرنے کے اعلان کی حمایت کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ 957 ہیڈ ماسٹرز 2017 میں آئی بی اے ٹیسٹ کے ذریعے تعینات ہوئے تھے جن کو تاحال مستقل نہیں کیاگیا ہے ۔
The post بھوک ہڑتال جاری، اساتذہ کا وزیر اعلیٰ ہاؤس کے سامنے دھرنے کا اعلان appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو https://ift.tt/2B2sDFW
0 comments:
Post a Comment