Ads

سستی رہائش کی فراہمی کے لیے حکومت کا قابل قدر اقدام

پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے اقتدار میں آنے سے قبل پرزور وعدے کیے تھے کہ مزدوروں اور کم تنخواہ دار طبقے کے لیے چھت کی فراہمی اس کی اولین ترجیحات میں شامل ہو گی۔ اور یہ ایسا دل خوش کن اعلان تھا جس کے ملک کے غریب اور متوسط طبقے کے عوام ایک مدت سے منتظر تھے اور ہر آنے والی حکومت اسی وعدے کو دہرا کر عوام کی امنگوں کو از سر نو تازہ کر دیتی ہے لیکن پھر رات گئی بات گئی والا معاملہ ہو تا آیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان کی حکومت نے کم آمدنی والے طبقات کے لیے پچاس لاکھ گھر بنانے کا اعلان کر کے ان میں اپنی چھت تلے رہنے کی امید کو ایک بار پھر جگا دیا حالانکہ روٹی کپڑا اور مکان کا وعدہ بھٹو حکومت نے پچاس سال قبل کیا تھا لیکن اس پر کس حد تک عمل درآمد ہو سکا اس کا جائزہ لینے کے لیے ہمیں کئی سال پیچھے جانا پڑے گا۔

ویسے یہ بھی نہیں کہا جا سکتا کہ روٹی کپڑا اور مکان والے نعرے پر بالکل ہی عمل درآمد نہ ہوا کیونکہ مختلف رہائشی اسکیموں میں غریب اور متوسط طبقے کے افراد کو ذاتی مکان بنانے کے لیے پانچ سے دس مرلے تک کے پلاٹ برائے نام قیمت پر دیے گئے اور وہ بھی قسطوں پر۔ لیکن اس سے بھی ملک بھر کے بے گھروں کا مسئلہ حل نہ ہو سکا۔

پی ٹی آئی حکومت لاکھوں کی تعداد میں مکان اور کروڑوں کی تعداد میں نوکریاں دینے کا وعدہ کر کے برسر اقتدار آئی اور اب پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی کے نام پر ہزاروں اپارٹمنٹس کی تعمیر کا اعلان اور وعدہ کیا گیا ہے۔

سابقہ حکومتوں کے برعکس موجودہ حکومت نے اپنے منشور کے تحت کم آمدنی والے طبقہ کو پچاس لاکھ گھروں کی فراہمی کے لیے جامع کوششیں اور ٹھوس عزم کا اظہار کرتے ہوئے فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی کو ذمے داری سونپی ہے جس نے حکومتی اہداف کے مطابق مختلف اسکیموں کا آغاز کیا ہے۔

موجودہ حکومت نے دو سال میں گھروں کی تعمیر کے لیے بینکوں سے آسان شرائط پر قرضے حاصل کرنے میں آسانیاں فراہم کرنے کے لیے قانون سازی سمیت دیگر اقدامات کیے ہیں اور ہاؤسنگ اتھارٹی نے اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں درخواست گزاروں کو پلاٹ بھی الاٹ کیے ہیں جس کے بعد ملک کے مختلف علاقوں میں اپارٹمنٹس بھی تعمیر کیے جائیں گے۔

بڑھتی ہوئی آبادی اور غریب طبقات کی استعداد کے مطابق انھیں آسان شرائط پر گھروں اور پلاٹوں کی فراہمی کی سعی احسن اقدام ہے،امید ہے کہ حکومت عوام سے کیے گئے اپنے تمام وعدے ایفا کرے گی۔ جس رفتار سے اسلام آباد میں کام ہوا ہے‘ اسی رفتار سے کراچی‘ لاہور‘ راولپنڈی‘ملتان‘ پشاور اور کوئٹہ میں کام کیا جائے تو حکومت کی ساکھ میں اضافہ ہو گا۔

The post سستی رہائش کی فراہمی کے لیے حکومت کا قابل قدر اقدام appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو https://ift.tt/2I01D0R
Share on Google Plus

About Unknown

This is a short description in the author block about the author. You edit it by entering text in the "Biographical Info" field in the user admin panel.
    Blogger Comment
    Facebook Comment

0 comments:

Post a Comment