کسی بھی چھوٹے کاروبار کو بڑے کاروبار میں ڈھالنے کےلیے فائنانس کے علاوہ جو اہم کام ہوتا ہے وہ ہے مارکیٹنگ۔ وہ بھی ایک ہی دفعہ نہیں بلکہ ایک تسلسل کے ساتھ متواتر۔ مگر ہمارے ہاں چھوٹے کاروباری اس اہم کام کو اہمیت نہیں دیتے اور اس پر ہونے والے اخراجات کو اضافی بوجھ سمجھتے ہیں۔ اور اسی سوچ کو بدلنا بہت ضروری ہے۔ خاص کر آج کل جہاں مسابقت کی دوڑ لگی ہوئی ہے۔
پہلے کسی علاقے میں کسی بھی قسم کی ایک ہی دکان، برانڈ یا پروڈکٹ ہوتی تھی، مگر آج کل آپ کے سامنے ہے کہ ایک ہی علاقے میں صارف کے پاس بہت زیادہ آپشنز موجود ہیں۔ تبھی ان حالات میں کاروبار کی اپنی الگ پہچان قائم کرنے اور زیادہ منافع بخش بنانے کےلیے مارکیٹنگ کا عنصر نہایت ضروری ہے۔ تو جناب اسی حوالے سے میں آج مارکیٹنگ کے اہم پہلوؤں پر بات کروں گا، جن کا چھوٹے کاروباری لوگوں کےلیے سمجھنا اور اختیار کرنا بہت ضروری ہے۔
مارکیٹنگ ہے کیا؟
سادہ فہمی میں مارکیٹنگ کرنے سے آپ کے کاروبار کو لوگوں کی توجہ حاصل ہوتی ہے۔ پھر انہی لوگوں میں سے کئی آپ کے صارف بنتے ہیں، جن سے نہ صرف آپ منافع کماتے ہیں بلکہ ایک اچھا تعلق بھی قائم کرتے ہیں۔ اب مارکیٹنگ کرنے کےلیے ہمارے پاس بہت سے راستے ہیں مگر وہ تبھی اچھے نتیجہ خیز ثابت ہوتے ہیں اگر ان کو منصوبہ بندی سے اختیار کیا جائے۔
مارکیٹنگ پلان کیا ہوتا ہے؟
اس کو آپ وہ منصوبہ بندی کہہ سکتے ہیں جو آپ لوگوں کی توجہ حاصل کرنے کےلیے کرتے ہیں تاکہ آپ کے کاروبار کو لوگ جانیں۔ پھر اس کے کرنے سے لوگوں میں اپنے کاروبار کےلیے کلائنٹ ڈھونڈنے میں آسانی رہتی ہے۔ مگر ضروری ہے کہ آپ مارکیٹنگ کےلیے جو طریقہ کار اختیار کریں وہ ٹارگٹ مارکیٹ کے حساب سے ہو۔ آپ کا پیغام لوگوں کےلیے واضح ہو اور یہ سب ایک بجٹ و ٹائم فریم کے اندر ہو۔ ایسے تمام باتوں کی منصوبہ بندی مارکیٹنگ پلان میں کی جاتی ہے۔
مارکیٹنگ میٹریل میں کیا شامل ہے؟
ان کو آپ وہ ظاہری چیزیں کہہ سکتے ہیں جن سے آپ کے کاروبار کی اہم معلومات بتائی جاسکیں کہ آپ کیا کاروبار کرتے ہیں؟ کہاں کرتے ہیں؟ کون سی پروڈکٹس موجود ہیں؟ کیا فوائد ہیں؟ وغیرہ۔ اس میں وزٹنگ کارڈ، بروشر، پمفلٹ، ویب سائٹ، پروموشنل گفٹ وغیرہ شامل ہیں۔ یہ سب وہ بنیادی چیزیں ہیں جن کا ہر کاروباری کے پاس ہونا انتہائی لازمی ہے۔ یہ سب چیزیں دوسرے لوگوں کو آپ کی غیر موجودگی میں بھی ہونے کا احساس دلاتی ہیں۔
مارکیٹنگ اور ایڈورٹائزنگ میں فرق
اکثر لوگ ان دونوں باتوں کو ایک ہی معنوں میں لیتے ہیں، جو کہ ٹھیک نہیں ہے۔ مارکیٹنگ کا تصور اتنا وسیع ہے کہ کسی بھی پروڈکٹ یا کاروبار کے خیال آنے سے اس کی تکمیل تک اور صارف کے پہلی بار استعمال سے ہمیشہ کرتے رہنے تک شامل رہتا ہے۔
ایڈورٹائزنگ کے بارے میں ہم یہ کہہ سکتے ہیں کہ مارکیٹنگ کے پورے عمل میں اس کا ایک حصہ ہے۔ جس کے ذریعے پروڈکٹ یا کاروبار کے متعلق لوگوں کو آگاہی دی جاتی ہے۔ جیسا کہ کاروبار کا لوکل کیبل یا ایف ایم پر اشتہار دینا، پمفلٹ چھپوا کر تقسیم کرنا، کسی اخبار میں اشتہار دینا وغیرہ۔
سوشل میڈیا مارکیٹنگ
یقین مانیے کہ فیس بک، انسٹاگرام جیسے میڈیم کے آنے کی وجہ سے چھوٹے کاروبار کو ترقی دینا جتنا آسان ہوا ہے، پہلے کبھی نہیں تھا۔ پہلے مارکیٹنگ کا عام ذریعہ صرف ٹی وی یا اخبارات میں مشہوری دینا ہوتا تھا۔ جس کا بجٹ چھوٹے کاروباری لوگوں کی پہنچ سے دور ہوتا تھا۔ مگر اب چھوٹے کاروباری لوگ سوشل میڈیا کو استعمال کرتے ہوئے نہایت کم بجٹ میں نہ صرف بہترین مارکیٹنگ کرسکتے ہیں بلکہ لوگوں کے ساتھ اچھے کاروباری تعلقات بھی بناسکتے ہیں، جو کاروبار کو بڑھانے میں معاون ثابت ہوتے ہیں۔ چاہے آپ فیس بک پیج بنائیں، انسٹاگرام پر آگاہی دیں، بلاگنگ کریں، ویڈیو بنا کر پوسٹ کریں، وغیرہ۔
مارکیٹنگ میں رہنمائی
ہمیشہ یاد رکھیے کہ کاروبار میں بڑھوتری کےلیے جہاں مارکیٹنگ کو مستقل اپنانا مفید ہے، وہیں اس کی درست سمت بھی ضروری ہے۔ آپ سمجھیے کہ یہ ایک کل وقتی کام ہے جس کا بہت فائدہ ہے۔ اس لیے کسی ایکسپرٹ سے مدد لینا یا خود کہیں سے مکمل معلومات حاصل کرکے مارکیٹنگ کرنا ہی نفع بخش ثابت ہوسکتا ہے کہ آج کل مارکیٹنگ کے نت نئے انداز موجود ہیں۔ ان میں سے کون سا آپ کے کاروبار کےلیے اچھا ہوگا، اس بات کو جاننے کےلیے آپ کو کسی مارکیٹنگ ایکسپرٹ سے رائے ضرور لینی چاہیے۔
حرفِ آخر یہ کہ مارکیٹنگ کی اہمیت کو جلدی سمجھنا اور کاروبار میں اتنا ہی جلدی شامل کرنا آپ کے چھوٹے کاروبار کو بڑے میں بھی جلد بدل سکتا ہے۔ مزید آپ مختلف برانڈز اور کاروبار کی مارکیٹنگ کا طریقہ کار اور اس سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی کہانیاں ڈاکومنٹری کی صورت دیکھئے یا اس حوالے حوالے سے آرٹیکلز پڑھا کیجئے تاکہ آپ میں مارکیٹنگ کا ویژن بہترین طریقے سے واضح ہوسکے۔
نوٹ: ایکسپریس نیوز اور اس کی پالیسی کا اس بلاگر کے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں۔
اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو قلم اٹھائیے اور 500 سے 1,000 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنے مختصر مگر جامع تعارف کے ساتھ blog@express.com.pk پر ای میل کردیجیے۔
The post چھوٹے کاروبار میں ترقی کیسے کی جائے؟ appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو https://ift.tt/3kYB7Cg
0 comments:
Post a Comment