کراچی میں گھر گھر پینے کے صاف اور معیاری پانی کی فراہمی کے لیے منصوبے پر ورلڈ بینک 100 ملین ڈالر کرچ کرے گا، یہ بات ورلڈ بینک مشن کے ایک وفد نے وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ سے ان کے دفتر میں ایک ملاقات و اجلاس کے دوران بتائی، اجلاس میں ورلڈ بینک کے وفد میں مائیکل ہینی، اینڈریاس رھوڈ ، فرحان سمیع، ثنا اکرام شامل تھے جب کہ سیکریٹری لوکل گورنمنٹ سندھ روشن علی شیخ، ایم ڈی واٹر بورد اسد اللہ خان، پروجیکٹ ڈائریکٹر ایوب شیخ اور ڈائریکٹر انویسٹمنٹ شکیل قریشی بھی اس موقع پر موجود تھے۔
ملک کے سب سے بڑے تجارتی اور گنجان آباد شہر میں فراہمی آب کی صورتحال انفرااسٹرکچر کے دیگر مسائل سے مختلف نہیں، کچرے کوٹھکانے لگانے کی جتنی کوششیں ہوئی ہیں اس کا کوئی حتمی حل تاحال نظر نہیں آتا، اگرچہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے شہر کی صفائی کی ذمے داری خود قبول کی ہے تاہم اس تناظر میں فراہمی آب کے لیے عالمی بینک کی طرف سے امداد ہوا کا ایک جھونکا ہے۔
وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ کو اس موقع پر بتایا گیا کہ اس منصوبے کے تحت واٹر بورڈ کی صلاحیتوں کو مزید بہتر بنایا جائیگا تاکہ کراچی کے تمام شہریوں کو پینے کے صاف اور معیاری پانی کی گھر گھر فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے، اس کے علاوہ منصوبے میں واٹر بورڈ کی جانب سے کراچی میں پانی کی فراہمی، نکاسی آب اور سیوریج سسٹم کو بھی مزید بہتر بنانا ہے منصوبے کے پہلے فیز میں 100 ملین ڈالر کی لاگت سے کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کی ریفارم شامل ہے، پہلے فیز کو تین حصوں میں بانٹا گیا ہے۔
واٹر بورڈ کی ریفارم، پانی کی فراہمی اور نکاسی آب کے نظام کو دیرپا، مضبوط اور مستقل بنیادوں پر بنانا ہے جس پر 77 ملین ڈالر خرچ کیے جائیں گے جب کہ تیسرے کمپوننٹ میں پروجیکٹ اسٹڈیز اور دیگر حوالوں سے 16 ملین ڈالر خرچ کیے جائیں گے۔ یہ کراچی کے شہریوں کے لیے گھر گھر پینے کے صاف اور معیاری پانی کی فراہمی کا ایک اہم منصوبہ ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ حکومت اور ورلڈ بینک مل کر اس منصوبے سے متعلقہ تمام امور کی مسلسل نگرانی کو یقینی بنائے ۔
The post کراچی میں گھر گھر پانی کی فراہمی کا منصوبہ appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو https://ift.tt/2VviWZM
0 comments:
Post a Comment