آپ کو یہ جان کر حیرت ہوگی کہ باورچی خانے سے زیادہ ’’پیاز‘‘ کا استعمال دواؤں میں کیا جاتا ہے۔ پیاز میں اتنی خوبیاں ہیں کہ دنیا بھر کے سائنس دانوں اور ماہرین طب و صحت کا دعویٰ ہے کہ کرہ ارض سے اگر تمام سبزیاں اور پودے غائب ہو جائیں اور ان کی جگہ صرف پیاز رہ جائے، تب بھی انسان گھاٹے میں نہیں رہے گا۔ ایک اندازے کے مطابق بچوں، مردوں، عورتوں کے لاتعداد امراض ایسے ہیں، جن میں پیاز کا استعمال فائدہ مند ہے۔
پیاز کی تاثیر بعض تکلیف دہ امراض میں اتنی سود مند ثابت ہوتی ہے کہ اس کے آگے قیمتی سے قیمتی دوائیں ہیچ ہیں۔ پیاز کے کیمیائی تجزیے سے معلوم ہوا ہے کہ اس میں حیاتین اور دوسرے قیمتی عناصر بڑی مقدار میں موجود ہیں۔ پیاز جراثیم کش ہے، اس کا استعمال گہری نیند کا ضامن ہے۔ خواب آور گولیوں کو چھوڑنے کے خواہش مند اگر پیاز کا شوربا چند روز نوش فرمائیں، تو کم خوابی کی شکایت ہمیشہ کے لیے دور ہو جائے گی۔
فرانس میں پیاز کا سوپ شوق سے پیا جاتا ہے، یہ ہی وجہ ہے کہ دوسرے یورپی ملکوں کے مقابلے میں فرانس میں دل کے امراض کم ہوتے ہیں۔
دوسری جنگ عظیم میں روسی ڈاکٹروں نے محاذ جنگ پر زخمی ہونے والے سپاہیوں کا علاج محض کچی پیاز سے کیا تھا۔ زخم پر پیاز باندھ دی جاتی اور ایک دو دن کے اندر اندر زخم خشک ہو جاتا۔
دور جدید میں ہارٹ فیل ہوجانا بے حد عام ہو چکا ہے، چناں چہ برطانوی اسپتالوں میں تجزیوں کے بعد معلوم کیا گیا ہے کہ پیاز کا مسلسل استعمال دل کے امراض سے محفوظ رکھتا ہے۔ روم کے بادشاہ نیرو کے بارے میں مشہور ہے کہ وہ اپنی آواز بہتر بنانے کے لیے پیاز کھایا کرتا تھا۔ پیازکا پانی سونگھنے سے نکسیر کا خون بند ہو جاتا ہے۔ سفید پیاز کوٹ کر کپڑے میں نچوڑ کر پانی نکال لیں اور اسے نیم گرم کرکے چند قطرے کان میں ڈالیں فوراً درد ٹھیک ہو جائے گا۔
ہیضے کے دنوں میں پیاز کو پھوڑ پھوڑ کر جگہ جگہ گھر میں اس طرح رکھا جائے کہ سارے گھر میں پیاز کی بو سما جائے، یہ ہیضے سے محفوظ رہنے کی نہایت عمدہ تدبیر ہے۔
گٹھیا کے مرض میں پیاز کا پانی اور رائی کا تیل ملاکر جوڑوں پر مالش کریں، اس سے سب جوڑ کھل جائیں گے اور آرام آجائے گا۔ گلے کی سوزش کے لیے پیاز پیس کر دہی اور شکر ملاکر کھانے سے ٹھیک ہو جاتا ہے۔
زکام کی وجہ سے ناک سے پانی بہہ رہا ہو۔ پیاز کا پانی سونگھنا اور پیاز کھانا مفید ہے۔ پیٹ کے درد کے لیے پیاز کو آگ میں گرم کر کے نچوڑیں اور پانی نکال لیں۔ اس میں ایک ماشہ نمک ملا کر مریض کو کھلائیں، درد جاتا رہے گا۔
قے بند کرنے کے لیے پیاز سونگھانا مفید ہے۔ اس سے متلی کی شکایت بھی دور ہو جاتی ہے۔ مثانے کی پتھری کے لئے پیاز کوٹ کر پانی نکال لیں اور روزانہ چار تولے صبح کے وقت پی لیں، ان شا اللہ افاقہ ہوگا۔
The post پیاز؛ فوائد سے بھرپور قدرت کا خزانہ appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو https://ift.tt/2QffLoh
0 comments:
Post a Comment