دبئی: آئی پی ایل کے پیچھے بکیز کی بارات بھی بھارت سے دبئی پہنچ گئی جب کہ مشکوک افراد کی موجودگی نے بی سی سی آئی کے اینٹی کرپشن یونٹ کو چوکنا کردیا۔
بھارت میں کورونا وائرس کی وجہ سے آئی پی ایل کا متحدہ عرب امارات میں انعقاد ہورہا ہے، یہ لیگ بھارتی بکیز کیلیے بھی ایک شوپیس ایونٹ کی حیثیت رکھتی ہے اس لیے بڑی تعداد میں انھوں نے بھی دبئی کا رخ کرلیا،چند روز قبل بھارتی اداکار کمال آر خان نے بھی اس حوالے سے بات کی تھی، اب خود بی سی سی آئی اینٹی کرپشن یونٹ کے سربراہ اجیت سنگھ نے بھی انکشاف کیا ہے۔
انھوں نے کہاکہ بکیز بھی دبئی پہنچ چکے مگر اپنی کارروائی کرنے کے قابل نہیں ہیں، فی الحال تو سب چیزیں درست انداز میں کام کررہی ہیں۔ ہم نہ صرف امارات کرکٹ بورڈ بلکہ مقامی پولیس کے ساتھ بھی مل کر کام کررہے ہیں، ہم نے 3 الگ الگ ٹیمیں تشکیل دیں جو تینوں وییوز کی نگرانی کرتی ہیں، اس کے ساتھ مقامی پولیس اور دیگر اتھارٹیز بھی ہماری ہر ممکن مدد کررہی ہیں۔
اجیت سنگھ نے کہا کہ ہمیں بھارتی پولیس سے بھی سٹہ مافیا کی سرگرمیوں کے بارے میں رپورٹس مل رہی ہیں، یہ چیزیں عام ہیں، اسی لیے ہم سمجھتے ہیں کہ حکومت کو فکسنگ کے خلاف بھی باقاعدہ قانون سازی کرتے ہوئے اسے قابل گرفتاری جرم قرار دینا چاہیے۔
اے سی یو کے سربراہ نے مزیدکہاکہ کورونا وائرس کی وجہ سے کھلاڑیوں کی نقل و حرکت محدود اور وہ صرف بائیوببل میں ہی موجود ہیں، اس لیے مشکوک افراد کا ان سے براہ راست رابطہ ممکن نہیں، لہٰذا وہ سوشل میڈیا کے ذریعے رابطے کی کوشش کرسکتے ہیں، اسی امکان کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم پلیئرزکے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر بھی نظر رکھتے ہوئے اس بات کو یقینی بنائے ہوئے ہیں کہ کوئی ہماری آنکھوں میں دھول نہ جھونک سکے۔
The post بکیز کی بارات بھی بھارت سے دبئی پہنچ گئی appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو https://ift.tt/30t1oBc
0 comments:
Post a Comment